شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ جنگ نہیں چاہتے، مسلط کی تو پوری قوم جواب دے گی، 40 سے 50 بھارتی فوجی مارے گئے، بھارت اپنے نقصان کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرتا، شکست تسلیم نہ کرنابھارت کاوطیرہ رہا ہے۔ ابھی نندن کو بھی بھارت نے ایوارڈ سے نوازا تھا، بھارت ہمیشہ اپنی شرمندگی کو چھپاتا آیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا کل کا خطاب قابل تعریف ہے، وزیراعظم نے کل سب کو ساتھ چلنے کی دعوت دی، پوری قوم مائیں، بہنیں، نوجوان سب ایک پیج پر ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے موجودہ پاک بھارت کشیدگی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ اور مسلح افواج نے ہمیشہ پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور اب بھی دشمن کو ایسا جواب دیا جائے گا جو وہ کبھی نہیں بھولے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں 40 سے 50 بھارتی فوجی مارے گئے ہیں، تاہم بھارت اپنی شکست اور نقصانات تسلیم کرنے کا عادی نہیں۔ ”یہی بھارت کا پرانا وطیرہ رہا ہے۔ ابھی نندن کو ایوارڈ دے کر شرمندگی کو فخر میں بدلنے کی کوشش کی گئی،“
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاکستان میں اسرائیلی ساختہ 25 ڈرون مار گرائے گئے ہیں، جنہیں بھارت نے پاکستانی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی، لیکن ہماری فورسز نے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں کسی قسم کا خوف نہیں، زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ پاکستان اپنے جواب کے وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا، اور دشمن کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے عوام سے سچ چھپا رہا ہے، بھارتی میڈیا پر پاکستانی موقف کو بلاک کر دیا گیا ہے تاکہ قوم کو اصل حقائق کا علم نہ ہو۔ بھارت کے بلین ڈالرز کے جنگی جہاز تباہ ہو چکے ہیں، لیکن وہ انہیں تسلیم کرنے سے قاصر ہے۔
وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”وزیراعظم نے پوری قوم کو ساتھ چلنے کی دعوت دی، اور آج ہر ماں، بہن، بیٹی اور نوجوان ایک پیج پر ہیں۔“
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ایک ایک فرد سرحد پر لڑنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ ”یہ ملک دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہا ہے، لیکن پھر بھی امن کو ترجیح دیتا ہے۔ جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر مسلط کی گئی تو پوری قوم یک زبان ہو کر جواب دے گی۔“
آخر میں انہوں نے مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ”بدقسمتی ہے کہ بھارت میں ایک کرمنل ذہنیت رکھنے والا شخص وزیر اعظم بن چکا ہے، جو اقلیتوں پر ظلم بند کرے ورنہ خطے میں تباہی سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔ بھارت کو اپنے نقصان کا اندازہ ابھی نہیں، لیکن جلد ہو جائے گا۔“