وزیر دفاع خواجہ آصف کا بڑا بیان سامنے آگیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد بھارت پر حملہ یقینی ہوچکا ہے، پاکستان جواب میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا، پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی گنجائش تقریباً ختم ہوگئی، بھارتی ڈرون حملوں میں فوجی تنصیبات اور فضائی دفاع کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج بھی بھارت کی جانب سے پاکستان پر ڈرونز سے حملہ کیا گیا، بھارتی ڈرون حملے نے پاکستان کے بھارت پر جوابی حملے کو ”مزید یقینی“ بنا دیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر ڈرونز حملے کیے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں، بھارتی حملوں کے بعد تناؤ میں کمی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی گنجائش تقریباً ختم ہوگئی، پاک بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے، بھارتی ڈرونز سے پاکستانی فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
انہوں نے بھارتی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ڈرونز سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا، پاکستان جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
آج بھی پاک افواج نے دراندازی کرتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہونے والے 25 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا۔
علاوہ ازیں قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کے لیے اجازت اور مکمل اختیارات دے دیے ہیں، پاکستان نے بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔