عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد بڑی کمی ہوگئی، فی تولہ سونا 4200 روپے اور فی اونس 42 ڈالر سستا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آج ہزاروں روپے کی کمی ریکارڈ ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ اور جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 4200 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 52 ہزار 700 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 3601 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 2 ہزار 383 روپے کا ہوگیا۔
سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ
سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، تولہ 6100 روپے مہنگا
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 42 ڈالر کی کمی سے 3 ہزار 343 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت 65 روپے کمی سے 3417 روپے اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس 0.65 ڈالر سستی ہوکر 32.35 ڈالر ہوگئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں پچھلے 3 دن سے مسلسل اضافہ ریکارڈ ہو رہا تھا، جس کے بعد آج قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
3 روز کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 14 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 6500 روپے اور فی اونس 65 ڈالر سستا ہوا تھا۔
دوسری جانب اپریل کے مہینے میں پاکستان میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر فی تولہ 20800 روپے اور عالمی سطح پر فی اونس 195 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔