بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سیکیورٹی فورسز کی دو انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 26 اکتوبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے بعد آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی۔ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری اس مہم کا مقصد غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔

Related posts