ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی: حارث رؤف پر جرمانہ، انگلش کپتان بھی زیِر عتاب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس خلاف ورزی کے بعد حارث رؤف کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پچھلے 24 ماہ کے دوران ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا جب حارث رؤف اور انگلش آل راؤنڈر ول جیکس کے درمیان میدان میں تلخ کلامی ہوئی۔

میچ آفیشلز کے مطابق آن فیلڈ امپائر کی جانب سے وارننگ دیے جانے کے باوجود حارث رؤف انگلش کھلاڑی سے مسلسل بحث کرتے رہے، جو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی صریح خلاف ورزی زمرے میں آتا ہے۔

پچھلے دو سال کی مدت میں حارث رؤف کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔

اسی میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک پر بھی سلو اوور ریٹ کا مرتکب ہونے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

میچ آفیشلز نے انگلش ٹیم کو مقررہ وقت میں تین اوورز کم کرانے کا ذمہ دار ٹھہرایا، جس کے باعث قائد کی حیثیت سے ہیری بروک پر مالیاتی جرمانہ عائد کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف اور انگلش کپتان ہیری بروک دونوں نے میچ آفیشلز کی جانب سے عائد کردہ الزامات اور سزاؤں کو قبول کر لیا ہے، جس کے باعث اس معاملے پر کسی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی اور تنازع کو حتمی طور پر نمٹا دیا گیا ہے۔

Related posts