دبئی سے ڈھاکا جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز میں اُس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک بنگلادیشی خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ واقعہ بھارتی فضائی حدود میں پیش آیا، جس کے بعد پائلٹ نے فوری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
تفصیلات کے مطابق، غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ 501 دبئی سے روانہ ہو کر ڈھاکا کی طرف محوِ پرواز تھی۔ جب طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا، تو ایک بنگلادیشی خاتون مسافر کو اچانک طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ خاتون کی حالت بگڑتی دیکھ کر فضائی عملے نے فوری طور پر پائلٹ کو اطلاع دی۔
پائلٹ نے قریبی ایئرپورٹ سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول نے بروقت اجازت دی، جس کے بعد بوئنگ 737 طیارہ محفوظ طریقے سے کراچی میں اتار لیا گیا۔
ایئرپورٹ پر موجود میڈیکل ٹیم پہلے ہی الرٹ تھی۔ خاتون کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، لیکن خاتون کی حالت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ایک قریبی نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج جاری ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ کراچی ایئرپورٹ سے اگلی پرواز کے لیے تیار ہے۔
پاکستانی ایئرپورٹس کا انسانی بنیادوں پر فوری ردعمل اور بہترین سہولیات کی دستیابی ایسے اقدامات ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو مضبوط کرتے ہیں۔