پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان آج راولپنڈی میں ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی دراندازی اور پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میچ ملتوی ہونے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 10 کا آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ری شیڈول کردیا گیا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر آج کا میچ ری شیڈول کیا، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاک بھارت تصادم: دو برطانوی کرکٹرز کا پی ایس ایل چھوڑ کر واپسی کا عندیہ
پاکستان کے حملے کا خوف، آئی پی ایل میچ کا مقام تبدیل کر دیا گیا
پی سی بی کے مطابق وی آئی پی گیلری اور انکلوژرز کے ٹکٹ رکھنے والے حضرات آج کے میچ کے لیے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کی رقم خود بخود اسی اکاؤنٹ میں واپس کر دی جائے گی جو بکنگ کے وقت استعمال کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی نے پاک بھارت کشیدگی پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل کردیے ہیں، غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا، فیصلہ وزارت داخلہ میں ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں پر ڈرون حملے کیے ہیں، جس میں راولپنڈی بھی شامل ہے، جہاں کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ڈرون گرا، واقعے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔