کوئٹہ میں نامعلوم 20 دہشت گردوں کی لاشیں امانتاً دفنا دی گئیں

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 20 نامعلوم افراد کی لاشیں سول اسپتال کے مردہ خانے میں کئی دنوں تک پڑی رہنے کے بعد لاوارث قرار دیتے ہوئے امانتاً دفنا دی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلاحی تنظیم چھیپا فاؤنڈیشن نے ان لاشوں کو شرعی احکامات کے مطابق کوئٹہ شہر سے باہر ایک قبرستان میں امانتاً دفن کر دیا ہے اور قبروں پر ان افراد کے نام درج نہ ہونے کی وجہ سے صرف نمبر لکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ لاشیں ان مبینہ دہشت گردوں کی ہیں جو مختلف دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران مارے گئے تھے، ان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے خودکش حملے، ضلع اغبرگ میں انسداد دہشت گردی آپریشن اور دیگر کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ان نامعلوم لاشوں میں سے 4 لاشیں منگچر کے علاقے سے لائی گئی تھیں جو سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے۔

سول اسپتال کوئٹہ کے ایک سینئر ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان افراد کی عمریں تقریباً 20 سے 35 سال کے درمیان تھیں۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے اہلکار کا کہنا تھا کہ 20 لاشیں گزشتہ کئی ہفتوں سے مردہ خانے میں موجود تھیں اور اسپتال انتظامیہ کی درخواست پر انہیں دفنایا گیا۔

Similar Posts