سونے کے بڑے ذخائر رکھنے والے 10 ممالک کون سے ہیں؟

عالمی منڈی میں قیمتوں میں مسلسل اضافے سے سونا جہاں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوا وہیں دولت مند افراد کے لیے بہترین اور محفوظ سرمایہ کاری بن چکا ہے۔ سرمایہ کار عالمی معاشی اور غیر یقینی سیاسی صورتحال کے پیش نظر محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش میں سونا خرید رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں سونا ایک ’’محفوظ سرمایہ‘‘ بن چکا ہے جو معاشی اعتماد اور خطرات دونوں میں اپنی قدر برقرار رکھتا ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کی تازہ رپورٹ کے مطابق اگست 2025 میں دنیا بھر کے مرکزی بینکوں نے 15 ٹن سے زائد سونے کی خریداری کی۔ جس سے سالانہ خریداری کی مجموعی مقدار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

کونسل کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے وہ 10 بڑے ممالک جن کے پاس سب سے زیادہ سونے کے ذخائر موجود ہیں، ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

امریکا – 8,133 ٹن

سونا امریکا مالیاتی نظام کا ایک مضبوط ستون ہے اور کئی دہائیوں اس لسٹ میں سرفہرست ہے۔ حالیہ برسوں میں امریکا نے کوئی بڑی خرید و فروخت نہیں کی صرف اپنے ذخائر کو مستحکم رکھا ہے۔

جرمنی – 3,352 ٹن

جرمنی یورپ کی معیشت کا سب سے بڑا مرکز ہے اور اس نے حالیہ برسوں میں اپنے سونے کا بڑا حصہ واپس ملک منتقل کر دیا ہے۔ سونا جرمنی کی اقتصادی پالیسی کا ایک محفوظ ستون سمجھا جاتا ہے۔

اٹلی – 2,452 ٹن

اٹلی کے ذخائر دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے مستحکم ہیں۔ معاشی بحران کے دوران یہ ذخائر ملکی مالیاتی اعتماد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

فرانس – 2,437 ٹن

فرانس بھی اپنے ذخائر کو عالمی سطح پر کرنسی کو متوازن رکھنے کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک اثاثہ سمجھتا ہے اور اس نے اپنے ذخائر کو بڑی حد تک محفوظ رکھا ہے۔

روس – 2,327 ٹن

پابندیوں اور مغربی ممالک سے بڑھتی کشیدگی کے جواب میں روس نے امریکی مالیاتی نظام پر انحصار کم کرنے کے لیے سونے کی خریداری میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔

چین – 2,301 ٹن

چین مسلسل سونا خرید کر ذخائر میں اضافہ کرکے اپنی کرنسی یوان کی بین الاقوامی حیثیت کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

سوئٹزرلینڈ – 1,040 ٹن

اپنے محفوظ بینکنگ نظام کے لیے مشہور یہ چھوٹا مگر مالی طور پر طاقتور ملک عالمی مالیاتی استحکام کا عکاس ہے۔

بھارت – 880 ٹن

بھارت نے اس سال سونے کے ذخائر میں اضافہ کیا ہے۔ تہواروں اور زیورات کی مانگ کے پیش نظر بھارت کا ریزرو بینک سونے کے ذخائر بڑھا کر روپے کو سہارا دیتا ہے۔

جاپان – 846 ٹن

جاپان کے ذخائر کئی دہائیوں سے تقریباً مستحکم ہیں۔ سونا جاپانی ین کے استحکام کے لیے بطور حفاظتی اقدام رکھا جاتا ہے۔

ترکیہ – 639 ٹن

افراطِ زر اور کرنسی بحران سے نمٹنے کے لیے ترکیہ نے سونے کو معیشت کا محفوظ سہارا بنایا اور ٹاپ 10 میں شامل ہوچکا ہے۔

Similar Posts