سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی سرمایہ کاری وفد نے، جس کی قیادت شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کی، کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) اور پاکستان بزنس کونسل (PBC) کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب استحکام کی راہ پر ہے اور اصلاحات کے نتیجے میں طویل المدتی پائیداری حاصل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اب ایک نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جسے عملی معاشی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔
او آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے کہا کہ تنظیم پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ملکی معیشت کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی بڑھتی دلچسپی کو پاکستان پر عالمی اعتماد کی بحالی قرار دیا۔
پی بی سی کی چیئرپرسن ڈاکٹر زیلاف منیر نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی اقتصادی حالات میں بہتری آرہی ہے، زرمبادلہ کی شرح مستحکم ہے اور کاروباری اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری پاکستان میں صنعتی توسیع اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری فضا مثبت ہے اور ملک اپنی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق سعودی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے برآمدات پر مبنی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پی بی سی کے سی ای او جاوید قریشی نے سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے اقدامات کو سراہا جو غیر ملکی شراکت داریوں کو فروغ دے رہی ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پاکستان کے ساتھ مملکت کے گہرے تعلقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اب پائیدار اقتصادی تعلقات اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہیے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور نجی شعبے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ سعودی۔پاکستان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
او آئی سی سی آئی اور پی بی سی کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے ادارے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طویل المدتی تجارتی شراکت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔