ہاکی کی بحالی، مالی استحکام کیلیے پی ایچ بی کے قیام کی اشد ضرورت ہے، رانا مجاہد

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں قومی کھیل کی بحالی اور مالی استحکام کے لیے پاکستان ہاکی بورڈ (پی ایچ بی) کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس فی الحال آمدن کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ادائیگیوں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہاکی کے تمام اسٹیڈیمز اور سہولیات براہِ راست پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حوالے کر دے، تو ان سے آمدن پیدا کر کے کھیل کو خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی بورڈ کے قیام یا سالانہ بنیادوں پر بجٹ مختص کرنے سے کھیل کو مستقل بنیادوں پر چلایا جا سکتا ہے اور فیڈریشن کو مالی مشکلات کے لیے کسی کا محتاج نہیں رہنا پڑے گا۔

رانا مجاہد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہاکی فیڈریشن تمام تر محدود وسائل کے باوجود قومی کھیل کو زندہ رکھنے کے لیے کوشاں ہے اور امید ہے کہ حکومت اور اسپانسرز اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

Similar Posts