پاکستان میں دہشت گردوں کو واپس عمران خان لے کر آیا، مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کو واپس عمران خان لے کر آیا، دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز دہشت گردی کے سہولت کاروں سے ہونا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کو واپس عمران خان لایا، وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی ختم کی تھی، عمران خان نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کی، وزیراعظم نواز شریف نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کیا،  وزیراعظم نواز شریف نے متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع کیا جب کہ عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے بعد سے دوبارہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی ہوئی، اس قومی پالیسی کی خلاف ورزی اور دہشت گردوں کو واپس لانے کا مجرم عمران خان ہے اسے یہ حساب دینا ہوگا، آج دہشت گردی سے شہید ہونے والے ہر پاکستانی کا لہو عمران خان کے ہاتھوں پر ہے، وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پختہ عزم و ہمت سے دہشت گردوں کے خلاف جامع اور مؤثر آپریشن شروع کیا، دہشت گردوں کا صفایا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی سے پاکستان کو محفوظ بنا دیا تھا، عمران خان نے دہشت گردوں کو پناہ دی، رہائش دی، پیسہ دیا، خیبرپختونخوا میں لاکر آباد کیا، عمران خان نے نہ صرف دہشت گردی کو پنپنے دیا بلکہ اس کی نشوونما میں ہر طرح سے سہولت کاری کی، دہشت گردی کے خاتمہ کا آغاز دہشت گردی کے سہولت کاروں سے ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج، پولیس، رینجرز اور بچوں سمیت عوام کے ہر طبقے نے عظیم قربانیاں دی ہیں، عمران خان نے دہشت گردوں کا ساتھ دے کر پاکستان کے عوام اور شہیدوں کے لہو سے بے وفائی اور ان کی قربانیوں کی توہین کی۔

Similar Posts