پاک افغان کشیدگی خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، قطر کا انتباہ

پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے جواب میں پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد قطر کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آگیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو تحمل، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے، اور اگر حالات کو کنٹرول نہ کیا گیا تو اس سے پورے خطے کے امن پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ قطر، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے اور فریقین کو چاہئے کہ وہ موجودہ حالات کو مزید خراب ہونے سے روکیں۔

یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس سے افغان فورسز کو بھاری نقصان پہنچا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، جوابی کارروائی کے بعد افغان فورسز نے پاکستان سے تحمل اختیار کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

Similar Posts