میرا آخری میوزک البم میری موت کے بعد ریلیز ہوگا، ایڈ شیرن

عالمی شہرت یافتہ برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی زندگی کا آخری میوزک البم ان کے انتقال کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔

34 سالہ گلوکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی موت کے بعد بھی موسیقی سے جڑے رہنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اپنی آخری البم کی تیاری اور ریلیز کا مکمل بندوبست انہوں نے اپنی وصیت میں شامل کر رکھا ہے، جس کی نگرانی ان کی اہلیہ چیری سیبورن کریں گی۔

ایڈ شیرن نے کہا کہ اگر میں دنیا میں نہ رہا تو چیری میری جگہ اس البم کے گانے منتخب کرے گی۔ یہ منصوبہ مکمل طور پر طے کیا جا چکا ہے اور میری وصیت کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس آخری البم میں وہ تمام گانے شامل ہوں گے جو میں نے 18 سال کی عمر سے لے کر زندگی کے آخری دنوں تک لکھے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ کچھ لوگ میرے اس فیصلے سے متفق نہیں ہوں گے، لیکن مجھے یقین ہے کہ میرے مداح اس البم کو بہت دلچسپ پائیں گے۔

یاد رہے کہ ایڈ شیرن کا حالیہ البم Play رواں سال 12 ستمبر کو ریلیز ہوا تھا، جسے دنیا بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

Similar Posts