شرم الشیخ: مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ایک المناک حادثے کے دوران قطر کے امیری دیوان کے تین ملازم جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، قطری سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ قطری شاہی عملے کی گاڑی ایک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں تینوں ملازمین موقع پر دم توڑ گئے۔
ابتدائی طور پر سیکیورٹی ذرائع نے یہ اطلاع دی تھی کہ حادثے میں تین قطری سفارت کار ہلاک ہوئے، تاہم بعد میں قطر کے سفارت خانے نے وضاحت کی کہ جاں بحق افراد سفارتی عملے کے ملازمین تھے، سفارت کار نہیں۔
ذرائع کے مطابق، قطری عملہ غزہ جنگ بندی معاہدے سے متعلق ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے بعد مصر میں موجود تھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب شرم الشیخ میں جنگ بندی پر بین الاقوامی کانفرنس پیر کے روز منعقد ہونے جا رہی ہے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کئی عالمی رہنما شرکت کریں گے۔