ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل اسٹارگیٹ کے قریب تیزرفتارگاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی گاڑی میں سوار3 خواتین جاں بحق اورایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹی اور کزن شامل ہے۔ حادثے میں گاڑی مکمل تباہ ہو گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طورپر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
اتوارکی علی الصبح ایئرپورٹ تھانے کے علاقے شارع فیصل ملیر اسٹارگیٹ کے قریب تیزرفتارگاڑی رجسٹریشن نمبر ’بی جی کیو 469‘ ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے بعد الٹ گئی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال منتقلی کے بعد مزید 2 خواتین دوران علاج دم تور گئیں، خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت 50 سالہ اسماء زوجہ غلام طارق، 19 سالہ منتہا دختر غلام طارق اور 22 سالہ فریال شایان کے نام سے ہوئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین میں ماں بیٹی اورچچا زاد کزن شامل ہے، زخمی نوجوان کی شناخت اویس کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد ملیرلیاقت مارکیٹ کے قریب کے رہائشی تھے۔
سیکشن آفیسر (ایس او) ایئر پورٹ ریحان زیب کے مطابق حادثہ صبح سویرے پیش آیا، گاڑی میں سوارافراد ڈرگ روڈ سے ملیرجارہے تھے کہ اسٹارگٹ کے قریب گاڑی اچانک فٹ پاتھ سےٹکرانے کے بعد دوسری سڑک پر جا کر الٹ گئی۔
ایئر پورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ، پولیس نے حادثے میں متعلق اپنی جانچ جاری رکھی ہوئی ہے۔