غزہ امن منصوبے پر مصر میں سربراہی اجلاس آج ہوگا، اسرائیل کا شرکت سے انکار

غزہ امن منصوبے پر سربراہی اجلاس آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہو رہا ہے، جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی مشترکہ طور پر کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مصر پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی اور مصری صدور نے وزیراعظم کو اس اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی۔

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر بھی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر پہنچ چکے ہیں، جب کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی، جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سمیت 20 سے زائد عالمی رہنما اجلاس میں شریک ہوں گے۔

تاہم اسرائیل نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس پہلے ہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس میں غزہ امن معاہدے پر دستخط، امن منصوبے پر عمل درآمد، اور خطے میں قیامِ امن کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔

 

Similar Posts