پولیس حکام کے مطابق شہر میں اس وقت کسی بھی جگہ احتجاج نہیں ہو رہا لہٰذا شہری افواہوں پر کان نہ دھریں، کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
کراچی پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعنیات کر دی گئی ہے جبکہ احتجاج مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس تیار ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نیو کراچی سے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا، ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور مقدمہ بھی درج کر رہے ہیں، اشتعال دلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب، ضلع کورنگی کی حدود میں کسی بھی مقام پر کسی بھی جماعت کی جانب سے کوئی احتجاج نہیں ہو رہا۔ ضلع کورنگی کے تمام سڑکیں اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں۔
ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی قسم کی من گھڑت یا غیر مصدقہ اطلاعات پر دھیان نہ دیں۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر 15 مددگار پولیس پر اطلاع دیں، پولیس آپ کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور ٹریفک کی روانی بحال ہے۔
نیو کراچی سندھی ہوٹل پر مشتعل مظاہرین کے پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی، نیو کراچی سندھی ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف پر پولیس کا مکمل کنٹرول ہے، نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بحال ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق پولیس نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث چند افراد کو گرفتار کر لیا، کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری علاقے میں تعینات ہے۔