کے پی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے باوجود علی امین کی کابینہ برقرار

خیبر پختونخوا اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے باوجود علی امین گنڈاپور کی کابینہ تاحال برقرار ہے۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سے تشکیل کردہ کابینہ کی تحلیل نہ ہو سکی جبکہ انکے مستعفی ہونے پر ان کی کابینہ کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔

نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے کابینہ ارکان برقرار ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت سے ہدایات ملتیں تو نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جاتا، ممکنہ طور پر موجودہ  صورت حال کی وجہ سے ہدایات جاری نہیں کی گئیں ہوں۔

معاملہ الجھنے سے صوبہ خیبر پختونخوا 24 گھنٹے سے چیف ایگزیکٹو سے محروم ہے۔

علی امین کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب گزشتہ روز کیا گیا لیکن حلف نہ ہونے کے باعث سہیل آفریدی وزارت اعلیٰ کا منصب نہیں سنبھال سکے۔

تحریک انصاف نے حلف کے لیے ہائیکورٹ سے رابطہ کر رکھا ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا کے علی امین کے استعفے پر اعتراضات نے آئینی بحران کھڑا کیا۔

Similar Posts