برطانوی گدھے کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج، ایسا کیا خاص ہے؟

برطانیہ کے ایک فارم نے حال ہی میں دو غیر معمولی گدھوں کی بدولت عالمی سطح پر شہرت حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کے علاقے لنکن شائر میں واقع ’ریڈکلف ڈونکی سینکچوری‘ میں موجود یہ گدھے نہ صرف اپنی خوبصورتی بلکہ اپنے حیران کن ریکارڈز کی وجہ سے دنیا بھر میں زیرِ بحث موضوع بنے ہوئے ہیں۔

یہاں رہنے والے دو دوست گدھے ’ڈائنامک ڈیرک‘ اور ’بامبو‘ اب باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز 2026 میں شامل ہو چکے ہیں۔ ڈیرک نے ”دنیا کا سب سے اونچا گدھا“ ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جب کہ اس کے قریبی دوست بامبو کو ”سب سے لمبے کانوں والے گدھے“ کا ریکارڈ مل گیا ہے۔

’ڈیرک‘ کی اونچائی حیرت انگیز 167 سینٹی میٹر (5 فٹ 5 انچ) ہے، جو ایک عام گدھے کے مقابلے میں تقریباً بیس سینٹی میٹر زیادہ ہے۔ اس غیر معمولی قامت نے اسے دنیا بھر میں مقبول بنا دیا ہے۔ فارم کی مالک ٹریسی گارٹن کے مطابق، لوگ اکثر سمجھتے ہیں کہ ڈیرک خچر ہے کیونکہ وہ اتنا بڑا ہے، مگر دراصل وہ خالص نسل کا امریکی میمتھ جیک اسٹاک گدھا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیرک کی یہ جسامت خاندانی وراثت کا نتیجہ ہے۔ اس گدھے کی ماں ’مس ایلی‘ بھی غیر معمولی قد والی تھی اور اس کے والد ’لویس‘ کا قد بھی پانچ فٹ سے زیادہ تھا۔ فارمنگ اسٹاف کے مطابق، ڈیرک ایک نرم دل اور پیار کرنے والا جانور ہے جو لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتا ہے۔ وہ ادرک والے بسکٹ اور گاجریں کھانے کا شوقین ہے اور اکثر اس کو دیکھنے والوں کے پیچھے پیچھے چلتا ہے جیسے کوئی وفادار کتا۔

دوسری جانب، ڈیرک کا ہمسایہ ’بامبو‘ اپنے لمبے، ریشمی کانوں کی بدولت توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کے کانوں کی لمبائی 35 سینٹی میٹر (ایک فٹ ایک انچ) ناپی گئی ہے، جو دنیا کے کسی بھی دوسرے گدھے سے زیادہ ہے۔ بامبو نہ صرف ظاہری طور پر منفرد ہے بلکہ اپنی خوش مزاجی اور نرم طبیعت کے باعث سینکچوری کا سب سے زیادہ گود لیا جانے والا گدھا بھی ہے۔

ٹریسی گارٹن کے مطابق، ’بامبو کے لمبے، پھول دار کان اسے نہ صرف خوبصورت بناتے ہیں بلکہ زائرین کا دل بھی جیت لیتے ہیں۔‘ وہ مزید کہتی ہیں، ’سب یہاں آ کر سب سے پہلے بامبو کے بارے میں پوچھتے ہیں، وہ سب کا فیورٹ ہے۔‘

ریڈکلف ڈونکی سینکچوری، 1999 میں قائم ہوئی تھی اور یہاں درجنوں گدھوں، خچروں اور زیبرا کے ملاپ سے پیدا ہونے والے نایاب جانوروں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔


AAJ News Whatsapp

دونوں گدہوں ڈیرک اور بامبو کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے کے بعد سینکچوری کی شہرت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اب نہ صرف دنیا بھر سے لوگ ان غیر معمولی گدھوں کو دیکھنے آ رہے ہیں بلکہ ادارے کی مالی مدد کے لیے بھی دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔

یوں کہا جا سکتا ہے ان دونوں گدہوں ڈیرک کی بلند قامت اور بامبو کے لمبے کانوں نے نہ صرف عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ محبت، دیکھ بھال اور فطرت کے حسن کی ایک خوبصورت مثال بھی پیش کی ہے۔

Similar Posts