’ہتھیار ڈالیں ورنہ طاقت سے غیر مسلح کریں گے‘، ٹرمپ کی حماس کو ایک بار پھر دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی تنظیم حماس کو غیر مسلح ہونے کی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حماس نے ان کے امن معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا تو امریکا ”فوری اور ممکنہ طور پر طاقت کے ذریعے“ اقدامات کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہا کہ انہوں نے یہ بات حماس تک پہنچائی تھی اور حماس نے ان کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مطابق غیر مسلح ہونے پر اتفاق کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ”اگر وہ (حماس) ہتھیار نہیں ڈالتے تو ہم انہیں خود غیر مسلح کردیں گے اور یہ سب فوری اور طاقت کے ذریعے ہوگا۔“

ٹرمپ کا چین پر الزام: “امریکی کسانوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے

صدر ٹرمپ نے پریس بریفنگ کے دوران چین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”چین نے جان بوجھ کر امریکی سویابین کی خریداری بند کی ہے، جو امریکی معیشت دشمنی کے مترادف ہے۔“ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود یا ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے اس رویے کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم اپنا کوکنگ آئل خود تیار کر سکتے ہیں، ہمیں چین سے خریدنے کی ضرورت نہیں“۔

غزہ کی تازہ صورتحال: قیدیوں کا تبادلہ، جنگ بندی کی خلاف ورزی

پیر کے روز امریکا کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے اسرائیل کو بیس زندہ یرغمالی واپس کیے، جبکہ مزید چار ہلاک شدہ یرغمالیوں کی لاشیں بھی ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لاشیں تل ابیب منتقل کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے معاہدے کے تحت 1800 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا، تاہم گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، جس میں 9 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔

Similar Posts