انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر و بیورو چیف ایکسپریس نیوز رضا الرحمان اور موجودہ صدر عرفان سعید کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔ تقریب کا انعقاد صحافیوں اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا تھا۔
آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس اور صحافیوں کا رشتہ چولی دامن جیسا ہے، کیونکہ دونوں کا مقصد معاشرے کی بہتری اور امن کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی وہ اہم پہلو اجاگر کرتے ہیں جو اکثر نظرانداز ہوجاتے ہیں، اور ان کی رپورٹنگ سے نہ صرف مسائل سامنے آتے ہیں بلکہ ان کے حل کے لیے بھی راہ ہموار ہوتی ہے۔
آئی جی پولیس نے بلوچستان کے صحافیوں کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مثبت کردار معاشرے میں گمراہ کن عناصر کی حوصلہ شکنی اور جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ایک عظیم معاشرے کی تشکیل میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے، اور موجودہ دور میں اس کے مثبت رول سے انکار ممکن نہیں۔
تقریب میں میڈیا کوآرڈینیٹر ٹو آئی جی پولیس بلوچستان مس رابعہ طارق سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی موجود تھے۔
آئی جی پولیس نے نو منتخب صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید کو مبارکباد پیش کی اور ان کے انتخاب کو صحافی برادری کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ عرفان سعید کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب صحافتی معیارات کو مزید بلند کرے گا اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
محمد طاہر نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی تعمیری تنقید اور تجاویز سے پولیس کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ صحافی برادری آئندہ بھی معاشرتی اصلاحات، امن کے قیام، اور صوبے کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے پولیس کے دروازے صحافیوں کے لیے ہمیشہ کھلے رکھنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ پولیس اور میڈیا مل کر صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضا الرحمان نے پولیس کے تعاون کی قدر کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری ہمیشہ حقائق کی بنیاد پر رپورٹنگ کرتی ہے اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
کوئٹہ پریس کلب کے موجودہ صدر عرفان سعید نے آئی جی پولیس کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد کو سراہا اور یقین دلایا کہ کوئٹہ پریس کلب پولیس کے ساتھ مل کر صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس نے صحافیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کو صوبے کی ترقی اور امن کے قیام میں ناقابل فراموش قرار دیا۔ صحافیوں نے بھی پولیس کے ساتھ بہتر رابطوں اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں شریک صحافیوں نے عصرانے کی دعوت اور پولیس کی جانب سے گرمجوشی سے استقبال پر شکریہ ادا کیا۔