سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

0 minutes, 0 seconds Read
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے لبنان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان ایک متنوع معاشرہ رکھنے والا ملک ہے جس کے عوام نے مشکل حالات کے باوجود ہمیشہ صبر اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کو امن اور استحکام کے لیے ایک پرامن ماحول اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

عثمان جدون نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں شہری ہلاک اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طاقت کے استعمال کا اختیار صرف لبنانی ریاست اور اس کے آئینی اداروں کو حاصل ہونا چاہیے۔

پاکستان نے اس موقع پر لبنانی مسلح افواج کی صلاحیت بڑھانے اور ملک میں استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس برائے لبنان کے اہلکاروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن مشن کے تحت خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی اور لبنانی حدود میں قائم کی گئی پوزیشنیں غیر قانونی ہیں اور یہ اقدامات لبنان میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان کے مستقبل نائب مندوب نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام مقبوضہ لبنانی علاقوں سے فوری اور غیر مشروط طور پر واپس چلا جائے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اپنے بیان کے اختتام پر عثمان جدون نے کہا کہ لبنان کی صورتحال کو مشرق وسطیٰ میں جاری وسیع تر کشیدگی سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جائے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔

اپنی تقریر کے آخر میں جدون نے مزید کہا کہ پاکستان لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ لبنان میں امن، استحکام اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

Similar Posts