کمپنی کے سی ای او سام آلٹمین کے مطابق یہ نیا فیچر دسمبر 2025 سے متعارف کرایا جائے گا تاہم یہ صرف شناخت شدہ بالغ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
سام آلٹمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ دسمبر میں جب ہم عمر کی تصدیق کا نظام مکمل طور پر نافذ کر لیں گے تو ہم اپنے اصول بالغ صارفین کو بالغوں کی طرح ٹریٹ کریں کے تحت بالغوں کے لیے مزید اختیارات متعارف کروائیں گے جن میں جنسی نوعیت کی معلومات بھی شامل ہے۔
یہ قدم چیٹ جی پی ٹی کو دیگر مسابقتی چیٹ بوٹس جیسے ایلون مسک کے Grok کے قریب لے آئے گا جو پہلے ہی جنسی نوعیت کے مواد اور کم لباس والی متحرک اوتار پیش کر رہا ہے۔
اوپن اے آئی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ صارفین آئندہ چیٹ جی پی ٹی کی شخصیت اور رویے کو زیادہ حد تک اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکیں گے جیسے کہ وہ ایک دوست کی طرح بات کرے۔
یہ تبدیلی ان صارفین کی خواہش پر کی جا رہی ہے جو پرانے ورژنز کی طرح زیادہ تسلی بخش اور حوصلہ افزا ردعمل چاہتے ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایڈلٹ فیچرز صرف عمر کی تصدیق شدہ صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے اور تمام نئے فیچرز کے ساتھ سخت حفاظتی اقدامات بھی نافذ کیے جائیں گے تاکہ سافٹ ویئر کو کسی غیر اخلاقی، نقصان دہ یا خطرناک رویے کے فروغ سے باز رکھا جا سکے۔