مودی نے روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت روس سے تیل کی خریداری بند کر دے گا۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ”میں ہندوستان کے روس سے تیل کی خریداری پر خوش نہیں تھا، اور انہوں (نریندر مودی) نے آج مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے. یہ ایک بڑی پیشرفت ہے اور اور اب ہم یہی امید چین سے بھی کر رہے ہیں۔“

یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکا نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے، جس میں روسی تیل کی خریداری پر اضافی 25 فیصد ڈیوٹی بھی شامل ہے۔

روس کا ردِعمل:

ہندوستان ٹائمز کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ دنوں امریکا کے دباؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ”اگر بھارت روسی توانائی سے دستبردار ہوتا ہے تو نقصان بھارت کو ہی اٹھانا پڑے گا۔“ انہوں نے کہا کہ ”بھارت کے عوام اپنی قیادت کے فیصلوں پر گہری نظر رکھتے ہیں اور کسی کے سامنے تذلیل برداشت نہیں کریں گے۔“

پیوٹن نے مزید کہا کہ ”میں وزیراعظم مودی کو جانتا ہوں، وہ خود کبھی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔“

اپوزیشن کی مودی حکومت پر تنقید

صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد بھارت میں اپوزیشن کی جانب سے مودی حکومت پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ”وزیراعظم مودی ٹرمپ سے خوفزدہ دکھائی دیتے ہیں۔“

انہوں نے مودی کے ٹرمپ کو بار بار مبارکباد بھیجنے، شرم الشیخ کانفرنس میں عدم شرکت اور وزیرِ خزانہ کا امریکی دورہ منسوخ کرنے جیسے اقدامات کو مثال بناتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔


AAJ News Whatsapp

ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں حسبِ معمول نوبیل انعام نہ ملنے، جنگیں رکوانے کے اپنے دعوے اور بھارت کے سات جنگی طیاروں کے گرنے کا بھی حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات بہت کشیدہ ہو چکے تھے، سات طیارے گرا دیے گئے تھے۔ میں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات کی اور کہا کہ اگر جنگ نہیں روکی گئی تو ہم تمہاری مصنوعات پر 200 فیصد ٹیرف لگا دیں گے۔ اگلے دن فون آیا کہ ہم جنگ نہیں کریں گے۔“

ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، اور انہیں جنگوں کو روکنا پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ان سے کہا کہ انہوں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔

Similar Posts