لکی مروت؛ دو کوچز میں خوفناک تصادم، خواتین سمیت 11 افراد زخمی

گنڈی پرانہ اڈا کے قریب دو فلائنگ کوچز (ہائی ایس) کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بلال آفریدی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 لکی مروت کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ورکرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تمام زخمیوں کو بروقت اور محفوظ انداز میں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سرائے نورنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تاجہ زئی منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں خالد خان، ساجد خان، میر سعد خان، ایوب خان، اشفاق، غفور، شاہ در خان، عبد الودود اور مزمل خان شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

Similar Posts