رمیز راجہ کا لائیو براڈکاسٹ کے دوران بابر اعظم سے متعلق کہا گہا طنزیہ جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ ایک نئے تنازع کا شکار ہو گئے، جب ان کی جانب سے بابر اعظم سے متعلق ایک طنزیہ جملہ لائیو براڈکاسٹ کے دوران مائیک پر ریکارڈ ہو گیا، اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا۔
یہ واقعہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پیش آیا، جب 49ویں اوور کی پہلی گیند پر بابر اعظم، جو اس وقت صرف ایک رن پر کھیل رہے تھے، سنورَن متھوسامی کی گیند پر کیچ آؤٹ قرار دیے گئے اور انہوں نے فوراً ”ڈی آر ایس“ لے لیا۔
اس موقع پر رمیز راجہ کی آواز مائیک پر سنی گئی، جو کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے۔
”یہ آؤٹ ہے، اب ڈرامہ کرے گا۔“
اگرچہ یہ جملہ براہِ راست کمنٹری فیڈ کا حصہ نہیں تھا، لیکن قریبی مائیکروفونز پر ریکارڈ ہو گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا۔
بعد ازاں ری پلے میں واضح ہوا کہ گیند بیٹ سے نہیں لگی تھی اور امپائر کا فیصلہ تبدیل کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ردعمل
بابر اعظم کے مداحوں نے رمیز راجہ کے اس جملے کو ”غیر پیشہ ورانہ“ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
بابراعظم کے مداح رمیز راجہ کے اس غیر ضروری تبصرے پر ناخوش دکھائی دے رہے ہیں ۔ ایک صارف ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ”اگر درست آؤٹ ہوتا تو وہ کیوں ڈرامہ کرتے؟“

ایک اور صارف نے لکھا کہ “کوئی رمیز راجہ کا مائیک بند کرے! میں اُن کے اردو میں کیے گئے ذاتی تبصرے اور جملے بیک گراؤنڈ میں صاف سن سکتا ہوں۔
ایک صارف نے رمیز راجہ پر ہی طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو بابر اعظم کے بڑے حمایتی تھے اب ان پر طنز کررہے ہیں۔
