کراچی میں غیرقانونی اور خطرناک عمارتوں کیخلاف کارروائی شروع

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی میں غیرقانونی اور خطرناک عمارتوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔

ڈیمولیشن اسکواڈ کی جانب سے آگرہ تاج کالونی لیاری میں ارحا آرکیڈ نام سے بنی غیر قانونی عمارت کو مسمار کیا گیا۔

ڈائریکٹر ڈیمولیشن ایس بی سی اے ریحان خان نے بتایا کہ ارحا آرکیڈ کو جولائی 2025 میں مخدوش قرار دیا گیا تھا، 60 گز پر گراؤنڈ پلس 7 فلور کی رہائشی عمارت بنائی گئی تھی۔

عمارت میں 14 خاندان رہائش پذیر ہیں، بالائی تین منزلیں خالی کروا لی گئی ہیں۔ رہائشی عمارت بغیر کسی نقشے کی منظوری کے بنائی گئی تھی۔

ڈائریکٹر ڈیمولیشن ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ 4 جولائی کو لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کے کچھ روز بعد ہی ارحا آرکیڈ کی عمارت بھی مخدوش قرار دی گئی تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے ٹیم آج اولڈ سٹی ایریا میں 2 مخدوش عمارتوں کو مسمار اور دو عمارتوں کو خالی کروائے گی۔

Similar Posts