انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید اضافہ

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز کے مقابلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی سطح پر دیگر مغربی کرنسیوں کی نسبت ڈالر کمزور ہونے اور تجارتی جنگ سے ڈی ڈالرائزیشن رحجان کے اثرات زرمبادلہ کی مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑے ہیں اور انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا اور ایک موقع پر ڈالر کی قدر دو پیسے کی کمی سے 281 روپے 12پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے ڈالر کی قدر ایک پیسے بڑھ کر 281روپے 13پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

کاروباری دن کے کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 281روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے 15پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے سے قرض پروگرام کی اگلی قسط کے اجرا میں تاخیر کے خدشات ختم ہونے سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں نمایاں اضافے کی توقعات، آئی ایم ایف حکام کا کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کیے جانے اور ملک میں مزید انفلوز کے امکانات زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہے۔

Similar Posts