بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل ایک ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی، ویرات کوہلی کی یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ان کے بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق جمعرات کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ویرات کوہلی جو عام طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ذاتی پیغامات کم ہی شیئر کرتے ہیں، انہوں نے 16 اکتوبر کو پرتھ پہنچنے کے فوراً بعد ایک مبہم پیغام جاری کیا، جس میں کوہلی نے ایکس پر لکھا کہ ”آپ صرف تب ہی ناکام ہوتے ہیں جب ہار ماننے کا فیصلہ کرتے ہیں۔“
سیریز سے قبل کوہلی کے ون ڈے کرکٹ کے مستقبل سے متعلق سوالات زیرِ گردش تھے، ایسے میں ان کا یہ پیغام خاصا معنی خیز محسوس ہوا۔
البتہ، پوسٹ شیئر کرنے کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ پیغام دراصل ایک اشتہاری مہم کا حصہ تھا۔
ٹوئٹ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور مداحوں نے اس کے پسِ منظر میں کئی قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ کچھ نے اسے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے اشارے سے جوڑا، تو کچھ نے اسے حوصلہ افزائی کا پیغام قرار دیا۔
بعد ازاں کوہلی نے خود وضاحت دی کہ یہ پیغام دراصل ایک برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ تھا تاہم شائقین کے مطابق اشتہار کا انداز اور لہجہ اس قدر ذاتی نوعیت کا تھا کہ ایسا محسوس ہوا جیسے کرکٹر کسی اندرونی پیغام کی جانب اشارہ کر رہے ہوں۔
دوسری جانب، ویرات کوہلی اور روہت شرما کی واپسی کے ساتھ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 19 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔
بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”ویرات اور روہت عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں۔ ان کا تجربہ ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ ہے۔ 2027 ورلڈ کپ ابھی ڈھائی سال دور ہے، اس لیے موجودہ چیلنجز پر توجہ مرکوز رکھنا ضروری ہے۔ امید ہے کہ آسٹریلیا میں ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔“
گمبھیر کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں زور پکڑ گئیں کہ اگر کوہلی اور روہت آسٹریلیا میں ناکام رہے تو ممکن ہے کہ انہیں ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ پر غور کرنا پڑے۔
مداحوں نے کوہلی کے ٹوئٹ کو اس تناظر میں دیکھتے ہوئے کہا کہ شاید یہ ان کی جانب سے ایک واضح پیغام تھا کہ وہ آسانی سے ہار ماننے والے نہیں۔
تاریخی طور پر آسٹریلیا کا دورہ بھارتی کرکٹرز کے لیے ہمیشہ ایک فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوا ہے۔ گزشتہ بار جب کوہلی اور روہت آسٹریلیا گئے تھے، بارڈر گواسکر ٹرافی کے اختتام پر دونوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کو تمام گروپ میچز میں فتح دلائی تھی۔ اسی سال کوہلی نے اپنی فرنچائز آر سی بی (RCB) کے ساتھ پہلا آئی پی ایل ٹائٹل بھی جیتا، جسے ان کے کیریئر کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔