تحفظات سے وفاق کو آگاہ کردیا، کراچی کےلیےکام کیا جائے تو خوش ہوں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت کے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کیا ہے، ہم خوش ہوں گے جب کراچی کے لیے کام کیا جائے، کراچی کے ترقیاتی منصوبے پر وفاق سے بات ہوئی ہے۔جو بھی ترقیاتی کام ہوں وہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق ہوں۔

وہ سانحہ کارساز کی 18 ویں برسی کے موقع پر  شاہراہ فیصل پر شہداء کی یادگار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 18 ویں برسی کے موقع پر  شاہراہ فیصل پر شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سینیٹر وقار مہدی، شرجیل میمن، سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضی وہاب، روف ناگوری اور دیگر رہنماء موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کارساز دہشت گردی کا بہت بڑا واقعہ تھا، بے نظیر بھٹو کا قتل ملک اور وفاق کے خلاف سازش تھی، پیپلز پارٹی آج بھی بی بی کے مشن کو آگے لیکر چل رہی ہے، ہم اپنے قائدین کے وژن کے مطابق پاکستان کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو وطن واپس آئیں، شہید بی بی غریب عوام کی آواز تھیں، کارساز کے مقام پر بے نظیر بھٹو کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا، کارکنان شہید ہوئے، بے نظیر بھٹو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے ڈری نہیں، بے نظیر بھٹو نے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر 2007کو بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، بے نظیر بھٹو نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور  قبول  شہادت کی، پیپلز پارٹی آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کے فلسفہ مشن  اور جدوجہد کو لے کر آگے چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسائے ملک سے ہمارے تعلقات بہتر نہیں ہیں اور ایک سلسلہ چل رہا ہے، پیپلز پارٹی اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں کئی بڑے واقعات ہوئے ہیں، جو قومی سانحات ہیں۔ 18 اکتوبر  کو کارساز کا واقعہ ملک کی تاریخ میں سب سے بڑا دہشت گردی کا  واقعہ تھا ۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پیپلز پارٹی، ملک اور وفاق کے خلاف ایک سازش تھی، یہ بدقسمتی ہےکہ کچھ معاملات کو شفاف طریقے سے حل نہیں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت کے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کیا ہے، ہم خوش ہوں گے جب کراچی کے لیے کام کیا جائے، کراچی کے ترقیاتی منصوبے پر وفاق سے بات ہوئی ہے۔جو بھی ترقیاتی کام ہوں وہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت بہت بڑی کامیابی ہے. مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، غزہ کے معاملے پر امید تو ہے مگر خدشات بھی موجود ہیں۔

Similar Posts