بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر مرزا پور میں ماں نے بیٹی کو گھر کی صفائی ستھرائی نہ کرنے پر خوب ڈانٹا اور اسے سخت سست کہا جس پر نوجوان لڑکی کو غصہ آگیا۔
نوجوان لڑکی نے جھاڑو پھینکی اور گھر سے باہر نکل کر قریب ہی نصب بلند موبائل ٹاور پر آناً فاناً چڑھ گئی۔ والدین اور اہل محلہ لڑکی اس غیر متوقع حرکت پر انگشت بدنداں رہ گئے۔ مدد کے لیے پولیس کو بلوایا گیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے اہل محلہ اور پاس ہی کھیت میں کام کرنے والے کسانوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ سب لوگوں نے لڑکی کو نیچے اتارنے کی کوشش کی لیکن وہ بضد رہی اور پھر یہ کام پولیس کے حوالے کیا گیا۔
پولیس کے سمجھانے، یقین دہانی کرانے اور والدین کے منانے پر بالآخر لڑکی نے ناراضگی ختم کردی اور نیچے اتر آئی جس پر اہل علاقہ نے بھی سکھ کا سانس لیا۔