ایف بی آر کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، کراچی کی اے ایس او ٹیم نے قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملنے پر سندھ رینجرز کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 اور 17 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب اسمگل شدہ غیر ملکی سگریٹس،گٹکا اور دیگر ممنوعہ اشیا کی غیرقانونی تجارت کرنے والوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔
کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ یہ کارروائی سہراب گوٹھ کراچی میں واقع الاصف اسکوائر کے قریب دکان نما گوداموں میں کی گئی جہاں سے اسمگل شدہ اشیا کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ برآمد شدہ سامان میں مختلف برانڈز کی غیر ملکی سگریٹس کے 8509 ڈنڈے، مختلف برانڈز کےغیر ملکی گٹکے کے 1829 پیکٹ، بھارتی ساختہ نسوار کے 327 پیکٹ اور ایرانی خوردنی تیل کی 92 بوتلیں شامل ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیا کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً تین کروڑ 26 لاکھ 3 ہزار 550 روپے لگایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کسٹمز انفورسمنٹ اسمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور غیر قانونی تجارت میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔