موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے تمان دیا ہاکی اسٹیڈیم میں 6 ٹیموں کے درمیان منعقدہ 10 ویں سلطان آف جوہر انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد جیت کو گلے لگایا۔
کھیل کے 13 ویں منٹ میں آسٹریلیا کے گروبیلار این نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی سبقت دلوائی۔ 17 ویں منٹ بھارت کے ایکا انمول نے گول کرکے مقابلہ 1-1 کر دیا۔
بعدازاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف تابڑ ٹور حملے کیے، کھیل کے 59 ویں منٹ میں گروبیلار این نے اپنادوسرا گول داغ کر آسٹریلیا کو 1-2 کی برتری دلوادی جو حتمی ثابت ہوئی۔
تیسری پوزیشن کے مقابلے میں برطانیہ سے 3-2سے ہارنے والی پاکستان ٹیم کے سفیان خان 9 نے گول کرکے بہترین اسکورر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ قومی کپتان حنان شاہد 5 گول کرکے دوسرے بہترین اسکورر رہے،ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے راونڈ میچ میں ملائشیا کو 2-7 سے شکست دی تھی۔
دوسرے میچ میں برطانیہ سے 6-1 سے مات کے بعد روائیتی حریف بھارت سے مقابلہ 3-3 سے برابر کھیلا۔ چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ سے 3-2 سے ہارنے کے بعد پاکستان کا آسٹریلیا سے 5 واں اور آخری میچ 3-3 سے برابر رہا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ 4 اور بھارت 3 مرتبہ ایونٹ کا فاتح رہے ہیں۔