امریکی سینیٹ میں ڈیمو کریٹک رکن کا ٹرمپ کیخلاف 17 گھنٹے طویل خطاب

0 minutes, 0 seconds Read

نیوجرسی کے ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بکر نے امریکی سینیٹ میں 17 گھنٹے سے زائد کا طویل خطاب جاری رکھا، جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اقدامات کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

55 سالہ سینیٹر کوری بکر نے پیر کی شام تقریر شروع کی تھی اور کہا کہ جب تک ہمت ہے، تقریر جاری رکھوں گا۔ انہوں نے سینیٹ میں صحت کی دیکھ بھال، سوشل سیکیورٹی اور میڈیکیڈ جیسے اہم مسائل پر گفتگو کی اور ٹرمپ کے اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے خطاب کے دوران یہ بھی کہا کہ عوام کی طاقت حکمرانوں کی طاقت سے زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آج یہاں اس لیے موجود ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا ملک ایک بحران سے گزر رہا ہے۔ یہ امریکا کے لیے معمول کے دن نہیں ہیں اور انہیں معمول نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

انہوں نے ٹرمپ پر اختیارات میں حد سے زیادہ اضافے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ امریکی جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔

امریکی سینیٹ کی تاریخ میں سب سے طویل تقریر 1957 میں جنوبی کیرولائنا کے سینیٹر اسٹرام تھرمنڈ نے کی تھی جو 24 گھنٹے 18 منٹ تک جاری رہی۔

اس کے بعد 2013 میں ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے بھی 21 گھنٹے طویل تقریر کی تھی، جس میں انہوں نے اوباما کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

Similar Posts