ٹرمپ نے اے آئی ویڈیو میں خود کو بادشاہ بنا کر امریکی مظاہرین پر ’کچرا‘ برسا دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک نئی اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہیں جنگی طیارہ اڑاتے ہوئے مظاہرین پر گندگی پھینکتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں ٹرمپ نے بادشاہوں کی طرح سر پر ایک سنہری تاج بھی پہنا ہوا ہے۔

یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں “نو کنگز” کے نام سے بڑے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں 2,700 سے زائد شہروں میں لاکھوں افراد شریک ہیں۔ صرف شکاگو میں ہی تقریباً ڈھائی لاکھ مظاہرین نے احتجاج میں حصہ لیا۔

یہ مظاہرے تارکینِ وطن کی جبری بے دخلی، فوج کی تعیناتی اور صدر ٹرمپ کی سخت گیر پالیسیوں کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی حکومت آمرانہ طرزِ عمل اختیار کر رہی ہے اور جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

Trump posted an AI video of himself wearing a crown and dumping shit from a “King Trump” jet on No Kings protesters. pic.twitter.com/SnnES2r2Ao
— Infina Alerts (@InfinaAlerts) October 19, 2025

مظاہروں کے ردِعمل میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ خود کو بادشاہ تصور نہیں کرتے۔ تاہم، ریپبلکن رہنماؤں نے ان احتجاجوں کو “امریکا مخالف مہم” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

ٹرمپ کی جانب سے پوسٹ کی گئی 21 سیکنڈ کی ویڈیو میں انہیں طیارہ اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور جیسے ہی وہ مظاہرین کے اوپر سے گزرتے ہیں، ان پر کچرا پھینکنے کا منظر پیش کیا گیا ہے، جس کے بعد ویڈیو میں ہجوم میں افراتفری دکھائی دیتی ہے۔

یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی ہے اور ٹرمپ کے مخالفین نے اسے “توہین آمیز اور اشتعال انگیز” قرار دیا ہے، جبکہ ان کے حامیوں نے اسے “طنزیہ مزاح” کہا ہے۔

 

Similar Posts