کراچی: کروڑوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد، 2 ملزمان گرفتار

کراچی میں ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں کارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان اسامہ عابد اور محمود بٹ کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے جن کی مالیت دو کروڑ اسی لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان سے موبائل فونز اور غیر قانونی لین دین سے متعلق شواہد برآمد کرلیے گئے، دونوں ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Similar Posts