خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی روک تھام کیلیے پولیس کا پہلا اسنائپر اسکواڈ تیار

خیبر پختونخوا پولیس نے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خدشات کے پیشِ نظر اپنی تاریخ کا پہلا اسنائپر اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ اسکواڈ ایلیٹ فورس کا حصہ ہوگا اور اسے جدید اسلحے، تربیت اور خصوصی آلات سے لیس کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، اسنائپر اسکواڈ کو تین ماہ کی اعلیٰ سطحی تربیت دی گئی ہے جس میں طویل فاصلے پر نشانہ بازی، پوشیدہ دشمن کی شناخت اور مشکل جغرافیائی علاقوں میں کارروائی کی مہارت شامل ہے۔

ہر اسکواڈ میں 10 اہلکار ہوں گے جو جدید اسنائپر رائفلز اور جدید ترین تھرمل امیجنگ ڈیوائسز سے لیس ہوں گے، تاکہ سرد موسم اور رات کے اندھیرے میں بھی اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اسنائپر اسکواڈ کو صوبے کے جنوبی اضلاع، ملاکنڈ ڈویژن اور سرحدی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا، جہاں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور مشکل جغرافیائی حالات میں کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

حکام کے مطابق، یہ اسکواڈ دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر کردار ادا کرے گا اور خیبر پختونخوا پولیس کی صلاحیتوں میں ایک نیا باب ثابت ہوگا۔

Similar Posts