ایف آئی اے کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی، غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئےغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نےجناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی پارکنگ سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں اسامہ عابد اور محمود بٹ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں، ملزمان سے دو کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد کرلی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے، ان سے موبائل فونز، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Similar Posts