خیبرپختونخوا :غیرقانونی کان کنی، محکمہ جنگلات، معدنیات اور ریونیو افسران کیخلاف انکوائری

0 minutes, 0 seconds Read

نیب خیبرپختونخوا نے غیرقانونی کان کنی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر محکمہ جنگلات، معدنیات اور ریونیو کے افسران کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے مانسہرہ کے علاقے موضع نارایلا میں حکومتی جنگلاتی اراضی پر غیرقانونی سرگرمیوں کی شکایات پر کارروائی شروع کی ہے۔ انکوائری کے دوران افتخار احمد اور اس کے ٹھیکیداروں پر غیرقانونی کان کنی، مالی بدعنوانی اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

نیب نے متعلقہ محکموں سے تمام ریکارڈ فوری طور پر طلب کر لیا ہے جس میں زمین کی نوعیت، جاری کیے گئے این او سی، اور حد بندی کی مکمل تفصیلات شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ نیب نے این او سی جاری کرنے والے افسران و اہلکاروں کی فہرست اور ان کی موجودہ تعیناتی سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی ہے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غلط بیانی یا معلومات چھپانے پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Similar Posts