خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب، فلڈ سیل کی رپورٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا کے مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے کے بڑے آبی ذخائر اور دریا خطرناک سطح سے نیچے ہیں، تاہم پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد دو لاکھ 87 ہزار کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 55 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں خیرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ چھ ہزار آٹھ سو کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جو کہ نچلے درجے کے سیلاب کی علامت ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے ادیزئی میں پانی کا بہاؤ 39 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 51 ہزار 100 کیوسک اور ورسک کے مقام پر 42 ہزار 21 کیوسک ہے۔ دونوں مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، اسلام آباد میں مطلع ابرآلود

اسی طرح دریائے سوات میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں چکدرہ کے مقام پر 10 ہزار 213 کیوسک اور خوازہ خیلہ میں 8 ہزار 662 کیوسک کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فلڈ سیل نے مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں کے کنارے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

Similar Posts