مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور مستقل حل انتہائی ضروری ہے، فرید احمد پراچہ

جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور مستقل حل انتہائی ضروری ہے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام آزادی اور خودمختاری کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے مجلس پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو آئی ایم ایف جیسے اداروں کے دباؤ سے نجات دلائیں اور خود انحصاری کی راہ ہموار کریں۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی اور حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین دہشت گرد عناصر سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔

تقریب میں ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قومی و بین الاقوامی امور پر ڈاکٹر فرید پراچہ کے مؤقف کو سراہا۔

Similar Posts