کے پی حکومت کو دی بلٹ پروف گاڑیاں عالمی معیار کی ہیں جنہیں ناقص کہا جارہا ہے، وزیر مملکت داخلہ

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو دی گئی بلٹ پروف گاڑیاں عالمی معیار کی ہیں جنہیں ناقص کہہ کر واپس کیا جارہا ہے، کے پی حکومت کو دہشت گردی کیخلاف ملے 600 ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟ آج تک جواب نہیں ملا۔

وزیراعلیٰ کے پی کے بیان پر ردعمل میں انہوں ںے کہا کہ ‎‎وفاقی حکومت اب تک خیبرپختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے 600 ارب روپے فراہم کر چکی ہے، ‎یہ رقم سول آرمڈ فورسز، سی ٹی ڈی اور فارنزک لیب کو مضبوط بنانے کے لیے دی گئی تھی،‎‎ چھ سو ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟ آج تک کوئی واضح جواب نہیں ملا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ‎‎وفاق نے سیکیورٹی کے لیے گاڑیاں فراہم کیں مگر معیار کا بہانہ بنا کر واپس کر دی گئیں، ‎یہ بلٹ پروف گاڑیاں عالمی معیار کے مطابق ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں، ‎اسی نوعیت کی گاڑیاں وفاقی وزراء اور اعلیٰ افسران دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں استعمال کر رہے ہیں۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ ‎جہاں یہ گاڑیاں استعمال ہوئیں وہاں جانی نقصان نہ ہونے کے برابر رہا، ‎خیبر پختونخوا پولیس کو نہ ان 600 ارب سے کچھ ملا اور جو کچھ وفاق سے مل رہا ہے وہ بھی چھینا جارہاہے،‎ ‎خیبر پختونخوا کے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کو نہتے دہشت گردوں کے آگے پھینکا جا رہا ہے، ‎وفاقی وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کے اعتراف میں یہ گاڑیاں فراہم کیں ‎جو کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول میں کھڑے ہیں، ‎‎یہ گاڑیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کو محفوظ کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ تیز کرنے کے لیے دی گئی ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ‎یہ بلٹ پروف گاڑیاں نہ صرف عالمی معیار کے مطابق ہیں بلکہ محفوظ اور جدید بھی ہیں، ‎یہ مؤقف نابالغ اور ناپختہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ایسے افراد کا وزیراعلیٰ بننا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، ‎یہ نابالغ اور ناپختہ سوچ آج پولیس کے جوانوں کیلئے خطرات بڑھا رہے ہیں، ‎ایسا لگتا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کے مکمل صفایا میں دلچسپی نہیں رکھتی، ‎ان گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بلٹ پروف جیکٹس، دوربین اور ہتھیار خریدا گیا تھا تاکہ دہشت گردی کا جلد از جلد قلعہ قمع کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ‎وفاقی حکومت پوری نیت کے ساتھ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون فراہم کررہی ہے مگر صوبائی حکومت کی بچگانہ سوچ اور سیاسی ضد وفاق کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہے، ‎وفاقی حکومت آگے بھی خیبرپختونخوا پولیس کو تعاون فراہم کرے گی تاکہ دہشت گردوں کا جلد سے جلد صفایا ہو۔

واضح رہے کہ آج وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق سے ملی بلٹ پروف گاڑیاں ناقص اور پرانی ہیں جنہیں واپس کیا جارہا ہے۔

Similar Posts