فلم شعلے میں ’جیلر‘ کا کردار نبھانے والے عظیم مزاحیہ اداکار انتقال کرگئے

بالی وُوڈ کے لیجنڈری اداکار اسرانی، جو سپرہٹ فلم شعلے میں جیلر کے یادگار کردار کے باعث آج تک مداحوں کے دلوں میں زندہ تھے، 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وہ چند ماہ سے وہ علیل تھے اور ممبئی کے اسپتال میں علاج کے دوران دَم توڑ گئے۔

اسرانی کے انتقال کی خبر نے بھارتی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر میں موجود اُن کے لاکھوں مداحوں کو افسردہ کر دیا۔

بالی ووڈ ستاروں اور ہدایتکاروں نے ان کی موت کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے فن، شخصیت اور مزاحیہ اداکاری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسرانی نے فلم شعلے (1975) میں ’’جیلر‘‘ کا کردار نبھایا تھا، وہ آج بھی فلمی تاریخ کا انوکھا کردار سمجھا جاتا ہے۔

ان کا مشہور ڈائیلاگ “ہم انگریزوں کے زمانے کے جیلر ہیں” امر ہو گیا۔

ان کی اندازِ گفتگو، مونچھوں کو ٹیڑھا کرنا اور طرح طرح کے مزاحیہ روپ نے انھیں عوام میں بے حد مقبول بنایا۔

اسرانی 1940 میں ریاست راجستھان کے شہر جئے پور میں پیدا ہوئے اور 1960 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور فنی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔

ان کی کامیاب اور مقبول فلموں میں شعلے کے علاوہ آپ کی قسم، جدائی، چھوٹی بہو، نمک حرام، چپکے چپکے اور اب تک چھپے رہے شامل ہیں۔

اداکار اسرانی نے ہرشعبے مین کام کیا لیکن انھیں شہرت بطور مزاحیہ اداکار اور ولن کے ملی۔ ان کے منفرد مزاح، مکالمہ ڈلیوری اور چشمے کے پیچھے سے جھانکتی آنکھوں کی اداکاری کو پسند کیا گیا۔

Similar Posts