کراچی میں اندھی گولیاں لگنے سے بچوں اور لڑکی سمیت 4 افراد زخمی

شہر قائد میں اندھی گولیوں سے شہریوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعات میں نوجوان لڑکی  اور بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے گولیاں لگنے کے واقعات میں نوجوان لڑکی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے فائرنگ کے واقعے میں 20 سالہ بسمہ دختر اختر علی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔

اس حوالے سے شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سیکٹر 17 جی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا۔

دوسرا واقعہ بلدیہ رشید آباد میں بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ حسن اللہ زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق  شرافی گوٹھ میں اٹک پمپ فیوچر کالونی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 12 سالہ بچہ مبین ولد غلام رسول زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر ضلع غربی کے پیر آباد تھانہ کی حدود میں بلال مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے10 سالہ بچہ شفیق ولد فیروز  زخمی ہوگیا۔ زخمی بچہ کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

 پولیس گولیاں لگنے کے واقعات کے حوالے سے مزید چھان بین کر رہی ہے۔

Similar Posts