سعودیہ سمیت متعدد مسلم ممالک کی اسلام آباد دھماکے کی مذمت؛ تعزیت کا اظہار

سعودی عرب، ترکیہ، ایران اور افغانستان نے اسلام آباد کے امام بارگاہ میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دارالحکومت کے امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 سے زائد ہوگئی جب کہ 200 کے قریب زخمی ہیں۔

برادر مسلم ملک سعودی عرب نے اس سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا، بے گناہ شہریوں کا خون بہانا کھلی دہشت گردی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدا کے اہلخانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دہشتگرد حملے کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر قسم کی دہشتگردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی بلاامتیاز مخالفت کرتا ہے۔

بیان میں ایران نے شہدا کے لواحقین، پاکستانی عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

ترک وزارتِ خارجہ نے بھی اس سفاکانہ واقعے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے دہشتگردی کی بدنما حرکت قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ترک وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی ہے۔

افغانستان کی طالبان حکومت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے بھی اس دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔

طالبان حکومت نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کا اظہار کیا ہے۔

 

Similar Posts