فلسطینی تنظیم حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش بین الاقوامی ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حماس نے غزہ میں موجود لاش کو ریڈ کراس کے نمائندوں کے سپرد کیا، جس کے بعد اسے اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لاش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس اب تک 13 یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر چکی ہے، جب کہ تنظیم کے پاس اب بھی 15 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔ اسرائیلی حکام نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باقی لاشوں کو بھی جلد از جلد واپس کرے۔
غیر ملکی میڈیا نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ حماس کی قید میں موجود متعدد یرغمالی ممکنہ طور پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے۔