ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا جو کہ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت طلال افسر عرف میجر ظفر ولد محمد افسر صدیقی اور امام بخش ولد صادق کے نام سے کی گئی جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول 30 بور، لوڈ میگزین و گولیاں، ایک لگژری گاڑی، 4 وائر لیس واکی ٹاکی سیٹس، 3 بلٹ پروف جیکٹس اور 4 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان کے ماطبق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ وہ جعلی میجر بن کر اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ملزمان نے مدعی تاج الدین سے 2 اقساط میں 80 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جس کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں درج ہے جبکہ ملزمان بوٹ بیسن تھانے میں درج ایک مقدمے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم طلال افسر عرف میجر ظفر (جعلی) اس سے قبل سپر مارکیٹ اور گلشن اقبال تھانوں میں میں درج مقدمات میں اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا ہے جبکہ بوٹ بیسن پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مزید مقدمات بھی درج کیے ہیں۔