وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ (Jane Marriot) نے تین رکنی وفد کے ہمراہ انکے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ امور، سیکیورٹی تعاون اور عالمی امن پر تبادلہ خیال کیا گیا، برطانوی ہائی کمشنر نے سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
جین میرٹ نے کہا کہ حکومت سندھ کا جدید اور ماڈرن پولیسنگ کا وژن لائق ستائش ہے، جرائم کے خلاف جنگ میں یقینی کامیابی جدید آلات، تیکنیکس اور انکے درست استعمال کی مرہون منت ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پرامن محفوظ ماحول اور آزاد کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے۔
ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اقبال میمن، آئی جی سندھ، غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ذوالفقار لاڑک و دیگر بھی شریک تھے۔