وائٹ ہاؤس کے 400 سال پرانے آئینے سے کیمرا ٹکرانے پر ٹرمپ نے صحافی کو باتیں سُنا دیں

وائٹ ہاؤس میں ایک اہم پریس تقریب کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک کیمرہ مین کو روک دیا، جب اس کا کیمرہ کابینہ روم میں رکھے 400 سال پرانے آئینے سے ٹکرایا۔

صدر ٹرمپ، جو اس وقت آسٹریلوی وزیراعظم اینتھونی البنیز کے ہمراہ بیٹھے تھے، امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان 8.5 ارب ڈالر کے ایک اہم معدنیات کے معاہدے پر گفتگو کر رہے تھے۔ اچانک ہونے والی یہ ہلچل ان کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

ٹرمپ نے کہا، ”ہم یہاں تجارت، سب میرین، اور دیگر فوجی ساز و سامان کے بارے میں بات کر رہے ہیں… اوہ، دھیان رکھو! یہ آئینہ 400 سال پرانا ہے۔ کیمرہ اسے ٹکرا گیا۔ ایے یے یے!“

اس کے بعد صدر نے اپنے مخصوص انداز میں ماحول کو ہلکا کر دیا۔ میں یہ آئینہ خاص طور پر تاریخی خزانے سے یہاں لایا تھا، اور سب سے پہلی چیز جو ہوئی وہ یہ کہ کیمرہ اسے لگا۔ یقین کرنا مشکل ہے، لیکن زندگی میں یہی چھوٹی چھوٹی پریشانیاں آتی ہیں۔

یہ چھوٹا سا واقعہ اس موقع پر پیش آیا جب دونوں ممالک نے نایاب معدنیات کے شعبے میں شراکت داری کا معاہدہ طے کیا، جسے چین کے نایاب معدنیات کے کنٹرول کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش میں ایک سنگِ میل قرار دیا گیا۔


AAJ News Whatsapp

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ یہ معاہدہ کئی مہینوں کی محنت کے بعد مکمل ہوا، جبکہ وزیراعظم البنیز نے کہا کہ یہ قدم امریکا اور آسٹریلیا کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔

یہ معاہدہ واشنگٹن کی اس کوشش کا حصہ ہے کہ دفاع، صاف توانائی اور ٹیکنالوجی کی پیداوار کے لیے چین پر انحصار کم کیا جا سکے، خاص طور پر ایسے مواد کے لیے جو نایاب زمینی معدنیات پر مشتمل ہیں یا چینی ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے ہیں۔

Similar Posts